پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم نیلوفر کو دونوں فنکاروں کے عالمی شہرت یافتہ ٹی وی سیریل ہمسفر سے تقابل کا سامنا ہے، فلم پر مداحوں نے ملا جلا ردِ عمل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیلوفر میں فواد خان اور ماہرہ خان مرکزی کرداروں میں لجوہ گر ہیں جو گزشتہ روز سینما گھروں میں ریلیز ہوئی جس کی عکسبندی 2020 میں شروع کی گئی۔ طویل تاخیر کے بعد سامنے آنے والی فلم میں دونوں فنکار جواں سال رومانس میں مشغول نظر آئے۔
یہی نہیں، بلکہ فلم کی کہانی ایک ایک نابینا لڑکی (ماہرہ خان) اور ایک شاعر (فواد خان) کے گرد گھومتی ہے جن کی اتفاقاً ملاقات ہوجاتی ہے اور پھر دونوں مختلف قسم کے واقعات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے نظر آتے ہیں، تاہم فلم پر ناظرین کا ردِ عمل ملا جلا رہا۔
ایک رپورٹ کے مطابق فلم بینوں نے نیلوفر کی کہانی کو سست اور بوجھل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں مستحکم پلاٹ کی کمی ہے اور صرف ماہرہ اور فواد کی موجودگی سے فلم کو اہمیت حاصل ہورہی ہے۔ کچھ نے فلم کے مرکزی خیال یعنی نابینا لڑکی سے محبت کو افسانوی قرار دیا۔
مداحوں کا ماننا ہے کہ فلم میں ڈرامہ سیریل ہمسفر کی طرح حقیقت پسندی اور گہرائی و گیرائی کی کمی ہے۔ تاہم بے شمار مداحوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ نیلوفر میں کہانی بیان کرنے کا انداز بھی بہت اچھا ہے جبکہ ماہرہ اور فواد خان کی اداکاری نے بھی فلم کو چار چاند لگا دئیے ہیں، جس کی تعریف کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








