ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کیلئے خصوصی سہولت پلان کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

FBR announces special facilitation for manual tax filers
FILE PHOTO

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دستی انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کے لیے ایک خصوصی سہولت منصوبے کا اعلان کیا ہے جو آن لائن ریٹرن فائلنگ کو فروغ دینے اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ٹیکس نظام کی طرف منتقلی کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ملک بھر کے ٹیکس دفاتر میں خصوصی سیل قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ ٹیکس دہندگان کو رجسٹریشن اور آن لائن ریٹرن فائلنگ میں معاونت فراہم کی جا سکے۔

دستی ریٹرن فائل کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قریبی متعلقہ فیلڈ آفس سے رجوع کریں جہاں انہیں ضروری رہنمائی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ایف بی آر نے مزید کہا کہ ایسے ٹیکس دہندگان جنہیں قانونی معاونت درکار ہو، انہیں بھی فیلڈ دفاتر کے ذریعے مفت مدد فراہم کی جائے گی۔ دستی ریٹرن فائل کرنے والوں کی سہولت کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر تک بڑھا دی گئی ہے۔

ادارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں شفاف، مؤثر اور مکمل ڈیجیٹل ٹیکس نظام کے قیام کے لیے ایف بی آر اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔

دوسری جانب ایف بی آر نے سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان کے معیار کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حیثیت ٹیکس سال 2024 کے لیے جمع کرائی گئی انکم ٹیکس ریٹرن پر مبنی ہوگی۔

ایف بی آر کے مطابق کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا کہ بڑی تعداد میں ٹیکس دہندگان کو غیر فعال قرار دیا گیا ہے، جسے ادارے نے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ وہ ٹیکس دہندگان جنہوں نے مقررہ وقت میں توسیع کی درخواستیں جمع کرائی تھیں، انہیں پہلے ہی فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست (اے ٹی ایل) میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ 2025 کی فعال فہرست میں وہ تمام افراد اور ادارے شامل ہوں گے جنہوں نے 2024 کے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں جبکہ نومبر 15 تک ریٹرن جمع کرانے والے نئے رجسٹرڈ فائلرز کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے تصدیق کی کہ توسیع کے لیے درخواست دینے والے ٹیکس دہندگان کو اضافی 15 دن کی مہلت بھی دی گئی ہے۔

ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ حالیہ ترمیم شدہ ٹیکس قوانین کے مطابق دستی ریٹرن جمع کرانے کا عمل مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور اب تمام ریٹرن صرف الیکٹرانک طور پر جمع کرائے جا سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال دستی ریٹرن جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو ایک ماہ کا عبوری وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ ای فائلنگ سسٹم میں منتقل ہو سکیں۔

ادارے نے مزید کہا کہ جو ٹیکس دہندگان ابھی تک ریٹرن جمع نہیں کرا سکے، وہ 15 نومبر تک آن لائن نظام کے ذریعے توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔

Related Posts