اسلام آباد: ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) نے ٹیکس چوروں کے خلاف آپریشن تیز کردیا۔ نان فائلرز کیلئے گاڑی اور گھر خریدنا خواب بن جائے گا، پکڑ دھکڑ اور گرفتاریاں شروع ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس چور کپنیوں اور افراد کی فہرستیں تیار کرلیں، آئندہ ٹیکس نادہندہ افراد اور کمپنیاں کاروبار نہیں کرسکیں گی، نہ ہی گاڑی اور گھر خریدنا ممکن ہوسکے گا۔ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں آپریشن تیز کردیا گیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ ٹیکس چور کمپنیوں اور افراد کی فہرستوں کی تیاری مکمل ہے، تمام متعلقہ کمشنرز ٹیکس بے ضابطگیوں پر نوٹسز جاری کریں گے۔
رپورٹ میں ذرائع نے بتایاکہ ایف بی آر تاریخ میں پہلی بار ایف آئی آر درج ہوئیں اور گرفتاریاں ہوئیں، اب ٹیکس گوشوارے داخل نہ کروانا اور ٹیکس چھپانا ممکن نہیں رہے گا۔پنجاب میں لاکھوں افراد کے رہن سہن سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ٹیکس نادہندہ ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیکس نہ دینے کے باعث ڈیفالٹ کے دہانے تک پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کیلئے آئندہ گاڑی خریدنا، گھر لینا یا کاروبار کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ٹیکس کی ادائیگی میں قوم اور ملک کی بقاء ہے۔
لاہور کے علاقے انارکلی، اعظم مارکیٹ، ہال روڈ، سوتر منڈی اور اکبری منڈی کو نوٹس جاری کردئیے گئے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اداروں کے سی ایف او اور مالکان سے ٹیکس کے متعلق پوچھ گچھ ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








