انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہلت آج ختم! ایف بی آر کا کل سے نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

FBR announces special facilitation for manual tax filers
FILE PHOTO

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 16 اکتوبر سے بڑے انکم ٹیکس نان فائلرز کے خلاف ملک گیر کارروائی کا اعلان کیا ہے ، یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب مالی سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ آج (بدھ) ختم ہو رہی ہے۔

ایف بی آر حکام نے واضح کیا ہے کہ تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو رات 12 بجے سے پہلے گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مقررہ مہلت کے بعد کارروائی فوری طور پر شروع ہوگی، جس کا پہلا مرحلہ ہائی پروفائل نان فائلرز کے خلاف ہوگا جن کی نشاندہی ڈیٹا مانیٹرنگ کے ذریعے کی گئی ہے۔

محکمے کے مطابق ایسے افراد جو سوشل میڈیا پر اپنی دولت، لگژری گاڑیاں، قیمتی جائیدادیں، زیورات اور برانڈڈ لباس دکھاتے ہیں، ایف بی آر کے خصوصی ریڈار پر ہیں۔

اسی طرح وہ لوگ بھی نگرانی میں ہیں جو غیر معمولی خریداری، بیرونِ ملک سفر، یا شادیوں میں رقم لٹانے جیسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

ایف بی آر کی خصوصی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیم نے مختلف آن لائن پلیٹ فارمز سے بڑی مقدار میں ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، جس میں متعدد مشتبہ نان فائلرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس شواہد کی بنیاد پر نوٹسز جاری کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وہ افراد جو اپنی پرتعیش طرزِ زندگی کی تصاویر یا ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں مگر انکم ٹیکس جمع نہیں کراتے ان کے خلاف تحقیقات اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں ایف بی آر اُن بڑے نان فائلرز کو ہدف بنائے گا جو مہنگے بنگلوں، فلیٹس اور فارم ہاؤسز کے مالک یا صارف ہیں۔ جو لوگ گوشوارے تاخیر سے جمع کرائیں گے، انہیں لیٹ کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا اور ان پر اضافی ٹیکس اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق یہ کریک ڈاؤن مہم حکومت کے اُس عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا، احتساب کو یقینی بنانا اور ان افراد کو قانون کے دائرے میں لانا مقصود ہے جن کا آن لائن طرزِ زندگی اُن کی ظاہر کردہ آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا۔

محکمے نے اس مہم کو محض محصولات کے حصول کے لیے نہیں بلکہ شفافیت اور منصفانہ ٹیکس نظام کے فروغ کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔

Related Posts