ڈھاکا کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ نے 16 افراد کی جان لے لی، ویڈیوز

تازہ ترین

تازہ ترین

Bangladesh garment factory fire kills 16 in Dhaka
ONLINE

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ نے 16 افراد کی جان لے لی جبکہ درجنوں مزدور لاپتہ ہیں۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

یہ واقعہ میرپور ضلع میں واقع ایک چار منزلہ گارمنٹس فیکٹری میں پیش آیا، جہاں آگ نے چند ہی منٹوں میں پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

 

فائر بریگیڈ کے عملے نے تین گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم قریب ہی موجود کیمیکل گودام رات گئے تک جلتا رہا۔

فائر سروس کے مطابق، 16 جلی ہوئی لاشیں موقع سے برآمد کی گئیں جن کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے دوران کئی دھماکے بھی سنے گئے، جس کے بعد آگ تیزی سے قریبی عمارتوں میں پھیل گئی۔

فائر سروس کے ڈائریکٹر محمد تاج الاسلام چودھری نے بتایا کہ زیادہ تر افراد کی موت زہریلی گیس کے باعث ہوئی جو کیمیکل مواد کے جلنے سے خارج ہوئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق گودام میں بلیچنگ پاؤڈر، ہائیڈروجن پر آکسائیڈ اور پلاسٹک مواد ذخیرہ کیا گیا تھا، جو آگ کو مزید شدت دینے کا سبب بنا۔

کارخانے کے باہر درجنوں غمزدہ خاندان اپنے لاپتہ پیاروں کی تصویریں لیے بیٹھے دکھائی دیے۔

ایک مزدور فرزانہ اختر کے والد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جب آگ کی خبر ملی تو میں فوراً یہاں پہنچا، لیکن ابھی تک میری بیٹی کا کچھ پتہ نہیں، میں صرف اسے زندہ یا مردہ دیکھنا چاہتا ہوں۔

حکام نے اب تک یہ تعین نہیں کیا کہ آگ پہلے فیکٹری میں لگی یا کیمیکل گودام میں۔ پولیس اور فوج کے افسران نے گودام اور فیکٹری مالکان کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا کیمیکل اسٹوریج قانونی طور پر قائم کیا گیا تھا یا نہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق رات نو بجے تک کیمیکل گودام میں آگ مکمل طور پر نہیں بجھائی جا سکی تھی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔

بنگلہ دیش میں صنعتی آگ کے واقعات عام ہیں، جن کی بنیادی وجہ غیر معیاری انفراسٹرکچر اور محفوظ کاری کے کمزور نظام ہیں۔ 2021 میں ایک فوڈ فیکٹری میں آگ لگنے سے 52 افراد جبکہ 2019 میں ڈھاکا کے تاریخی علاقے میں آگ سے 78 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ملک کی بدترین صنعتی تباہی 2013 میں رنا پلازا حادثے کے دوران پیش آئی تھی، جب آٹھ منزلہ عمارت گرنے سے 1100 سے زائد مزدور ہلاک ہوئے، جس نے فیکٹریوں میں محفوظ ماحول کی سنگین کمی کو بے نقاب کیا۔

Related Posts