پی ٹی آئی پر پابندی، عارف علوی کیخلاف کارروائی کیلئے کابینہ اجلاس آج طلب

تازہ ترین

تازہ ترین

عارف علوی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف کارروائی پر وفاقی کابینہ اجلاس آج طلب کیا ہے۔ اجلاس میں عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی پر پابندی کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سابق صدر ڈاکٹرعارف علوی، سابق وزیراعظم عمران خان، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف کارروائی کی منظوری دیں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں تحریکِ انصاف پر پابندی کے معاملے پر مشاورت بھی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ سابق حکمران جماعت پی ٹی آئی اور سابق صدر و وزیراعظم کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری دے گی۔ اجلاس کے دوران ملک کی معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ کابینہ اراکین نجکاری بورڈ اراکین کی تعداد بڑھانے کی منظوری دیں گے۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان باہمی تعاون کے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دیں گے۔ دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو ویزہ فری معاہدے  اور ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کی منظوری بھی دی جائے گی۔

پی ٹی آئی پر پابندی کا مسئلہ

قبل ازیں وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کہہ چکے ہیں کہ وفاقی حکومت نے تحریکِ انصاف پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے فیصلے کی مخالفت بھی سامنے آئی تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج پارٹی پر پابندی کا حتمی فیصلہ سنائے جانے کی توقع ہے۔

Related Posts