آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی! کیا 27 ویں ترمیم کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Federal cabinet meeting to approve 27th Amendment draft postponed
ONLINE

آج وفاقی کابینہ کا وہ اہم اجلاس جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی تاخیر کی وجہ وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیات ہیں جنہیں آج باضابطہ طور پر اجلاس کے فوراً بعد ایک روزہ دورے پر آذربائیجان روانہ ہونا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کی صبح وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں ترمیمی مسودے پر تفصیلی بریفنگ دی جانی تھی۔

اجلاس میں ترمیم کے نکات پر غور کے بعد کابینہ سے منظوری حاصل کرنا مقصود تھا تاہم وزیراعظم کے مصروف شیڈول کے باعث اجلاس کو آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ منظوری کے بعد یہ مسودہ باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے اتحادی رہنماؤں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم پاکستان اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مسودے کی حتمی شکل طے کی جا سکے اور اس پر تمام فریقین کی حمایت حاصل کی جا سکے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کے بعد بل کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا اور پھر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا تاکہ وہ اس پر مزید جائزہ لے سکے۔ یہ مرحلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

حکومت کا ہدف ہے کہ سیاسی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے ذریعے 27ویں آئینی ترمیم کو جلد از جلد پارلیمنٹ سے منظور کروایا جائے۔

Related Posts