کراچی: فیڈرل ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے ادارے نے کراچی کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اس سلسلے میں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صنعتکار برادری فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ شوکاز نوٹسز سے ہر گز پریشان نہ ہوں بلکہ ہراساں ہونے کی بجائے غیر ضروری نوٹسز کے بارے میں ایف ٹی او کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ کی جاسکے۔
یہ یقین دہانی فیڈرل ٹیکس محتسب کے مشیر برائے سیلز ٹیکس شاہد احمد، مشیر انکم ٹیکس منصور حسین میمن، مشیرکسٹمز بدرالدین احمد قریشی، ڈائریکٹر ایف ٹی او عابد محمود اور سندھ ریجن کے صدر منصور احمد نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی)کی ٹیکس سب کمیٹی کے چیئرمین سید طارق رشید کی سربراہی میں ایک وفد کے ساتھ بلائے گئے اجلاس میں کروائی۔
وفد میں نکاٹی کے سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، شوکت اسماعیل، شیخ امتیاز، انعام الحق اور عبدالکریم شامل تھے۔فیڈرل ٹیکس محتسب کے مشیران نے کہاکہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد ایف ٹی او کی جانب سے صنعتکار برادری کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
لہٰذا صنعتکار اپنی شکایات وفاقی ٹیکس محتسب کو ارسال کرنے میں ہر گز ہچکچاہٹ اور خوف محسوس نہ کریں تاکہ ایف ٹی او اُن کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔
انہوں نے ایف بی آر کے غیر ضروری شوکاز نوٹسز سے متعلق شکایات کے جواب میں کہاکہ ایف ٹی او کو اس حوالے سے شکایات موصول ہونے کی صورت میں 45 دنوں میں اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔
نکاٹی کی ٹیکس سب کمیٹی کے چیئرمین سید طارق رشید نے فیڈرل ٹیکس محتسب کے ادارے پر بھرپوراعتماد ا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ توقع ہے کہ یہ ادارہ صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر ے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ توقع ہے کہ یہ ادارہ کاروبار کرنے، صنعتیں چلانے کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے آسانیاں پیدا کر ے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نکاٹی کے ممبرز صنعتکاروں بھی ایف ٹی او کے ساتھ اپناہر ممکن تعاون پیش کریں گے۔