کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈیفنس میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کراچی کے علاقے ڈیفنس، فیز 2 میں چھاپہ مار کارروائی کی اور حوالہ (ہنڈی) میں ملوث سوئس ایکسچینج کمپنی کے منیجر سلطان دامانی کو گرفتار کیا۔ ملزم لائسنس کی آڑ میں ہنڈی میں ملوث ہے۔
چھاپہ مار ٹیم نے ڈیفنس فیز 2 میں واقع سوئس ایکسچینج کمپنی کے دفتر پر کارروائی کی اور ملزم کے قبضے سے حوالہ (ہنڈی) میں استعمال کی گئی اشیاء اور دیگر دستاویزات ضبط کر لیں۔ ملزم درآمد کنندگان کی اشیاء کیلئے حوالہ ہنڈی سے ادائیگی کرتا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے حوالہ ہنڈی سے ادائیگی کرکے قومی خزانہ کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔ ملزم کے قبضے سے 2کروڑ94 لاکھ 6ہزار410روپے برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے گھر سے 1 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالرز اور 3 ہزار برطانوی پاؤنڈز بھی برآمد ہوئے۔ ملزم امریکی ڈالر کی ذخیرہ اندوزی سے پاکستانی روپے کی گرتی ہوئی قدر سے فائدہ اٹھانا چاہتا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں ہنڈی (حوالہ) کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے کروڑوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
کارپوریٹ کرائم سرکل (ایف آئی اے) نے گزشتہ ماہ کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن میں آئی آئی چندریگر روڈ اور کلفٹن شامل ہیں۔ ہنڈی (حوالہ) کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث کیپٹل ایکسچینج کمپنی کے نمائندے گرفتار ہوگئے۔
مزید پڑھیں: ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار، ایف آئی اے نے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








