اسلام آباد: وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین کی تعداد اور اسی اعتبار سے سائبر کرائمز میں اضافہ ہورہا ہے جس سے نمٹنے کیلئے ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ مکمل طورپر تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پی ٹی وی پر ایک مارننگ شو کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر ونگ کے سربراہ عمران ریاض شریک ہوئے اور عوام کو کمپیوٹر پر ہونے والے جرائم سے نمٹنے کے طریقے سے آگاہ کیا۔
عام طور پر سوشل میڈیا صارفین کو آن لائن ہراسانی، فراڈ، بلیک میلنگ، دھوکہ دہی اور آن لائن بینک اکاؤنٹ سے چوری سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہیکرز کمپیوٹرز یا موبائل ہیک کرکے عوام کا ڈیٹا چوری کر لیتے ہیں۔
بعد ازاں نازیبا تصاویر، ویڈیوز یا ذاتی معلومات کی تشہیر کا خوف دلا کر سوشل میڈیا صارفین کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔ ایف آئی اے کو 4 مختلف طریقوں سے کسی بھی جرم کی اطلاع دی جاسکتی ہے جس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پہلا طریقہ یہ ہے کہ ایف آئی اے کی ویب سائٹ http://complaint.fia.gov.pk کی آن لائن پورٹل پر شکایت درج کرائی جائے جس کی اطلاع ایف آئی اے کے متعلقہ حکام تک پہنچ جائے گی۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ سائبر کرائم کے متعلق 1991 کی ہیلپ لائن پر کال کی جائے اور متعلقہ نمائندے کو چوری، دھوکہ دہی یا سائبر فراڈ کے متعلق بتایا جائے۔ تیسرا طریقہ helpdesk@nr3c.gov.pkکو ای میل کرنا ہے جس میں مسئلہ تفصیل سے بیان ہوسکتا ہے۔
چوتھا طریقہ یہ ہے کہ سائبر کرائم کے متاثرہ فرد یا افراد خود ایف آئی اے کے دفتر جائیں اور متعلقہ افسران سے ذاتی ملاقات کرکے مسئلے کی تفصیلات بتائیں جس کے بعد معاملے پر تحقیقات شروع کردی جائیں گی جو سب سے بہتر طریقہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں چائلڈ پورنو گرافی کا پہلا مقدمہ درج
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








