اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے پاکستان کے غیر ملکی و مقامی قرضوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے مجموعی طور پر 253ارب ڈالر کا قرض حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعدادوشمار سامنے آگئے۔ پاکستان کے قرضوں کامجموعی حجم 253 ارب ڈالر بنتا ہے جس میں سے 86 ارب ڈالر کا قرض غیر ملکی جبکہ 167ارب ڈالر مقامی ہے۔
بنیادی طور پر وزارتِ خزانہ کی رپورٹ جون 2021 تک لیے گئے قرض کا احاطہ کرتی ہے جس کے مطابق غیر ملکی قرضوں کا حجم مجموعی قرض کا 34 فیصد جبکہ مقامی قرضوں کا 66 فیصد ہے۔ تمام قرضوں کاتخمینہ 157.3روپے فی ڈالر کے تناسب سے لگایا گیا ہے۔
وفاقی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ کل غیر ملکی قرض جی ڈی پی کا 74.9 فیصد بنتا ہے جبکہ بین الاقوامی مالیات فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان نے 7 اعشاریہ 38 ارب ڈالر قرض حاصل کیا جس کیلئے پیچیدہ شرائط رکھی گئی ہیں۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پیرس کلب سے 10اعشاریہ 72 ارب ڈالر، ملٹی لیٹرل سے 33اعشاریہ 83، ورلڈ بینک سے 18اعشاریہ 13 جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 13اعشاریہ 42 ارب ڈالر قرض حاصل کیا ہے۔ تمام قرائض کی شرائط مختلف ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل دنیا بھر میں کورونا کے باعث عائد پابندیوں اور معاشی مسائل کے پیشِ نظر قرض دینےوالے ممالک کی تنظیم پیرس کلب نے پاکستان کو قرض واپس کرنے کیلئے مزید وقت دینے کا اعلان کیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ پاکستان رواں برس دسمبر تک پیرس کلب سے لیا گیا قرض واپس کرسکے گا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق پاکستان کو پیرس کلب کو 11 ارب 50 کروڑ ڈالر واپس کرنے ہیں جس کیلئے مزید وقت دے دیا گیا۔
مزید پڑھیں: پیرس کلب کا قرض واپس کرنے کیلئے مزید وقت دینے کا اعلان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








