حملے کی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر سخت جواب دینگے، فیلڈمارشل

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دی نیوز

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دو طرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے  ’نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس‘ کرنے والے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شرکا سے خطاب کے دوران جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی جبکہ انہوں نے چیلنجز سے نمٹنےکےلیے ذہنی تیاری، عملی فہم، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور سول ملٹری اداروں کے مابین ہم  آہنگی کو فروغ دینےکی ضرورت پر بھی زوردیا۔

افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت آپریشن سندور کے دوران اپنےمقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، آپریشن سندور میں ناکامی کی غیرمنطقی توجیہات پیش کرنا بھارت کی اسٹریٹیجک دور اندیشی میں کمی کا اظہار ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کی دہائیوں پرمبنی حکمتِ عملی، مقامی صلاحیت، مضبوط اداروں کی بنیاد پرکامیابی کو تسلیم کرنے سےگریزاں ہے، خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے، بھارت کے بے بنیاد بیانات کا مقصد خطے میں فرضی’ نیٹ سکیورٹی پر وائڈر‘کے خودساختہ رول کی ناکام کوشش ہے اور وہ بھی ایسے وقت میں جب خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور  ہندوتوا نظریے سے تنگ ہیں۔

فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ ہماری آبادی، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانےکی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ کشیدگی کی اصل ذمہ داری بصیرت سے محروم مغرور جارح بھارت پر عائد ہوگی، بھارت خودمختار ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی کے تباہ کن نتائج کے ادراک میں ناکام رہا، جنگیں میڈیا بیانات، درآمدشدہ فینسی جنگی سامان یا سیاسی نعروں سےنہیں جیتی جاتیں بلکہ جنگیں یقین محکم، پیشہ ورانہ قابلیت، آپریشنل شفافیت کے ذریعے جیتی جاتی ہیں، جنگیں اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم و حوصلے کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔

Related Posts