کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی یا پراپیگنڈا پاکستان کی ترقی کو نہیں روک سکتا جبکہ فوجی جوانوں کی مسلسل تربیت اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی عزم و ہمت اور بلند جوش و ولولے کو سراہا۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈمارشل سیدعاصم منیر نےکہا کہ جدید جنگ کی بدلتی نوعیت کےپیش نظرمسلسل تربیت اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی ناگزیر ہے جبکہ سکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر اور ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل نے کہا کہ ملک کی ترقی کو پروپیگنڈا یا بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی نہیں روک سکتی، بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئےعوام دوست پالیسی اوربہتر طرزحکمرانی وقت کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








