فیلڈ مارشل کا پانی اور مقبوضہ کشمیر پر دو ٹوک موقف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ریڈیو پاکستان)

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے پانی ایک سرخ لکیر ہے، اور 24 کروڑ عوام کے پانی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے اساتذہ کو قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کی اصل تاریخ اور تشخص سے روشناس کرانا ان کی ذمہ داری ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی وحدت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی ہے۔

کشمیر پر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی پہچان ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر کو نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے بھارتی مظالم کو دہشت گردی کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے ساتھ ظلم، اندرونی انتہا پسندی کو جنم دے رہا ہے۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں دہشتگردی کو بھارتی سرپرستی کا شاخسانہ قرار دیا اور کہا کہ یہ عناصر بلوچ عوام کی نمائندگی نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو آئین و قانون کے تحت آزاد اور غیر جانبدار ہونا چاہیے اور جو عناصر ریاستی بیانیے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Related Posts