ورلڈ کپ 2026: تاریخ کا سب سے مہنگا فٹبال ایونٹ، انعامی رقم نے سب کو حیران کر دیاو

تازہ ترین

تازہ ترین

فیفا کا سربراہ
فیفا سربراہ پریس ٹاک، فائل فوٹو

فٹبال ورلڈ کپ 2026 نہ صرف ٹیموں کی تعداد کے لحاظ سے بلکہ انعامی رقم کے اعتبار سے بھی اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس کے لیے فیفا نے مجموعی طور پر 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ رقم گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہے، جس سے عالمی فٹبال میں اس ایونٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

فیفا کے مطابق ہر ٹیم کو ایونٹ کی تیاری کے لیے 25 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ ڈالر کی اضافی رقم ملے گی۔ اس کے مقابلے میں 2022 کے ورلڈ کپ میں تیاریوں کے لیے 15 لاکھ اور کوالیفکیشن پر 90 لاکھ ڈالر دیے گئے تھے۔

کوالیفائی کرنے کے بعد ہر ٹیم کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی، جبکہ ٹیموں کی کارکردگی کے مطابق اضافی انعامات بھی شامل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ رنراپ ٹیم کو 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

پانچویں سے آٹھویں نمبر تک آنے والی ٹیموں کے لیے 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 9 سے 16 ویں نمبر کی ٹیموں کو 1 کروڑ 85 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ اسی طرح 17 سے 32 ویں پوزیشن تک ہر ٹیم کو 1 کروڑ 45 لاکھ ڈالر جبکہ 33 سے 48 ویں نمبر تک آنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

اس بار ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو 2022 کے ورلڈ کپ (64 میچز) کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے، جس سے ایونٹ کی وسعت اور مقابلے کی شدت واضح ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ 2026 فٹبال کی تاریخ کا سب سے مہنگا اور سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہوگا، جو عالمی کھیلوں کے معیار کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔

Related Posts