اسلام آباد: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو پالیسی بیسڈ قرض دینے پر غور کرے گا، ہم اے ڈی بی کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات کی جس میں ملکی ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی حمایت کی تعریف اور اسلام آباد میں عالمی بینک کے نئے دفتر کے آغاز کا خیر مقدم کیا۔
صدر ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کیپٹل ایڈووکیسی فریم ورک کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے قدرتی آفات سے تحفظ فراہمی کے پروگرام کیلئے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری کیلئے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے ڈی بی کا بورڈ 29 اکتوبر کو پالیسی بیسڈ قرض پر غور کرے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کی سائیڈ لائنز پر امریکی معاون وزیر برائے توانائی وسائل سے بھی ملاقات کی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کرنے پر امریکا کی جوبائیڈن حکومت سے اظہارِ تشکر کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








