تہران: اسرائیل نے ایرانی دارالحکومت تہران سمیت دیگر شہروں پر فضائی حملہ کیا ہے جس سے بھاری نقصان ہوا، تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے یکم اکتوبر کے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کا جواب دیتے ہوئے کارروائی کی۔ ایرانی دارالحکومت تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملے ہوئے۔ ایرانی میڈیا نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تہران اور قریبی شہر کرج میں 5دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے ہیڈ کوارٹر کے قریب بھی ایرانی حملے کے نتیجے میں دھماکے سنے گئے جبکہ تہران پر اسرائیلی حملے کے باعث کئی مقامات پر آتشزدگی ہوئی۔ تہران میں حملے سے سکیورٹی نظام سے وابستہ عمارت میں آگ لگ گئی۔
آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ عمارت سے 10 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کرج شہر میں ہیں تاہم اسرائیلی فضائی حملے میں نیو کلیئر پلانٹ کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایران پر حملے سے قبل ہی اسرائیلی حکام نے امریکی ایوانِ صدر وائٹ ہاؤس کو اطلاع کردی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں ایران کے کئی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ہم ایران کے خلاف حملوں اور دفاع دونوں ہی قسم کی صورتوں کیلئے تیار ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








