وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پہلے پاکستان کے ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیفل معاہدہ ہوچکا ہے۔انہوں نے تصدیق کی کہ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اصلاحات کے عمل میں پیشرفت ہورہی ہے۔ ملک کی مجموعی برآمدات میں 5فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ ترسیلاتِ زر میں بھی اضافہ ہورہا ہے، جبکہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں پیشرفت خوش آئند ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ (شرحِ سود) میں کمی سے قرض کی ادائیگی پر مثبت اثر مرتب ہوا ہے جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں ماہانہ بہتری ہورہی ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے ادائیگیوں کا توازن اور کرنٹ اکاؤنٹ اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کا حکم دیا اور کابینہ سے منظوری کیلئے سمری ارسال کی جاچکی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








