اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست نہیں ریاست سب سے اہم ہے، پاکستان سب سے پہلے ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لئے زہرِ قاتل بن چکا ہے، اُن کے ایجنڈے کی میں بھی گواہ ہوں، وہ اپنے مفاد کے لئے لوگوں کو ٹشوپیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں اور پھر پھینک دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو منظم سازش کے ذریعے زمان پارک سے بھرپور منصوبہ بندی کرے کے ایک سازش تیار کی گئی جس کا مقصد قومی اداروں کی تضحیک کرنا ارو غیر ملککی آقاوں کو خوش کرنا مقصود تھا۔ اس دن شہدا کی یادگاروں کی جس طرح بے حرمتی کی گئی، قومی ورثے کو جس طرح تباہ کیا اس نے ہر پاکستانی کی روح کو زخمی کیا۔
جہانگیر ترین بھی میدان میں، نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کرلیا
فردوس عاشق اعوان نے 9 مئی کے واقعات کی منصفانہ انکوائری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے، میری سیاست کا سلوگن سیاست نہیں، ریاست ہے۔ ہم نے اسی ریاست میں رہنا ہے۔ تحریک انصاف میں شمولیت بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا۔میرا یقین ہے کہ شہدا کی محبت اور وطن کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جنہوں نے شہدا کی بے توقیری کی انہوں نے پاکستان کی اساس پر حملہ کیا اور نظریئے کو پارہ پارہ کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائیوں کی وجہ سے تحریک انصاف کا حصہ نہیں رہنا چاہتی، میں تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کرتی ہوں تاہم میری سیاست جاری رہے گی کیونکہ میرے پیش نظر میرے حلقے کے عوام ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعے کے بعد سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کئی اہم پی ٹی آئی رہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں جن میں فواد چوہدری، شیریں مزاری، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ اسد عمر اور دیگر کئی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








