کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ پارک سے متصل سپر اسٹور میں آتشزدگی ہوئی ہے جس کے دوران آگ بیسمنٹ سے گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق سپر اسٹور میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔ اس وقت بھی سپر اسٹور میں لگی آگ بجھانے کا کام جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور میں لگنے والی آگ بیسمنٹ سے گراؤنڈ فلور تک پھیل چکی ہے۔آتشزدگی سے متأثرہ سپر اسٹور کی عمارت میں دھواں بھر جانے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عمارت میں داخل ہونے کیلئے دیواروں کو توڑا جارہا ہے۔ متأثرہ عمارت سے شدید دھواں بھی نکل رہا ہے۔
سپر اسٹور کی عمارت سے اٹھتے ہوئے دھویں کے باعث متاثرہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ لگنے کی وجوہات پر تفتیش شروع کردی گئی۔ حکام کا ماننا ہے کہ سپر اسٹور کی بیسمنٹ سے گراؤنڈ فلور تک پھیل جانے والی آگ بجھانے میں طویل وقت لگ سکتا ہے، جس سے سپر اسٹور میں موجود کروڑوں کا سامان جل جانے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا بیان
آگ لگنے کی وجوہات پر تحقیقات میں پیشرفت سامنے آگئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور میں اے ٹی ایم میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی۔ اے ٹی ایم سے آگ سپر اسٹور میں پھیل گئی۔واقعے کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے دروازے توڑ کر فائر فائٹنگ جاری ہے۔ آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کی 10گاڑیوں کے علاوہ اسنارکل سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








