کراچی کے علاقے طارق روڈ کے شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی، جسے بجھانے کے عمل میں حصہ لینے والے 2 فائر فائٹرز بھی دھویں سے متأثر ہو کر بے ہوش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آگ کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر کی بیسمنٹ میں لگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے، آگ رات گئے لگی اور آگ بجھاتے ہوئے 2 فائر فائٹرز کے بے ہوش ہونے کا واقعہ پیش آیا، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آتشزدگی سے بیسمنٹ میں قائم 2 سے 3 دکانوں کو نقصان پہنچا ہے جو کپڑوں کی تھیں، چیف فائر آفیسر ہمایوں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی بر وقت کارروائی کے باعث آگ مزید نہیں پھیل سکی۔ آتشزدگی پر قابو پانے پر مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔
مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ اہلکاروں کو بہادری پر 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا جبکہ بے ہوش فائر فائٹرز، جن کی شناخت سکندر اور بلال کے نام سے ہوئی، انہیں 2، 2 لاکھ روپے الگ سے دینے کا اعلان کیا ہے۔آگ لگنے کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








