پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کو آگ لگنے کے باعث 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مسلم چوک کے قریب پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر ہونے والے خوفناک حادثے میں 4افراد جاں بحق جبکہ 1زخمی ہوا۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ آئل ٹینکر کے مرمتی کام کے دوران پیش آیا۔ ٹینکر کے اندر آئل موجود نہیں تھا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آئل ٹینکر میں آتشزدگی پر قابو پالیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد کے علاقے ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوا، افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی ہے۔
آج سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور نے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 5 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران راجا جہانگیر انور نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہاشیوں کا ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








