بھارتی ریاست راجستھان کی کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کے نتیجے میں 7مزدور جھلس کر ہلاک ہو گئے جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
یہ افسوسناک حادثہ راجستھان کے علاقے بھیواڑی میں پیش آیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 2 مزدور ابھی تک فیکٹری میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ 7افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، فیکٹری میں 25مزدور کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ ہی وقت کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ پیر کی صبح پیش آنے والے حادثے کی اطلاع پولیس کو گشت کے دوران ملی اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر 9افراد فیکٹری میں پھنس گئے تھے۔
آپریشن کے دوران 9افراد میں سے 7 کی لاشیں نکال لی گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور واقعے کے نتیجے میں مزید کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








