نابالغ لڑکی اغوا، زبردستی شادی پر پولیس کا ایکشن، دولہا باراتیوں سمیت فرار

تازہ ترین

تازہ ترین

نابالغ لڑکی
(فوٹو: آن لائن)

بھارت میں نابالغ لڑکی کے اغوا کے بعد زبردستی شادی پر پولیس نے سخت ایکشن لیا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا، تاہم اس وقت تک دولہا باراتیوں سمیت فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے شادی کی نیت سے نابالغ لڑکی کو اغوا کرلیا۔ پولیس نے زبردستی شادی کیلئے اغوا کی گئی لڑکی بازیاب کرانے کیلئے ایکشن لیا اور چھاپے کے دوران لڑکی کو بازیاب کرالیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا تاہم دولہا اور باراتیوں سمیت کئی ملزمان تاحال مفرور ہیں، لڑکی کو 12 فروری کی رات اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او ابھیشیک آنند نے پولیس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نابالغ لڑکی کا تعلق ضلع بھاگلپور سے ہے جو اپنی بہن کے سسرال گئی ہوئی تھی جسے بازار جاتے ہوئے شادی کیلئے منایا گیا، تاہم جب لڑکی نے انکار کردیا تو رات کے وقت کچھ لوگوں نے اسے اغوا کرکے زبردستی شادی بھی کروا دی۔

واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے مسلسل چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts