شہرِ قائد میں سلنڈر کی دکان میں آگ لگنے کے باعث 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ دکان میں آگ سلنڈر پھٹنے کے باعث لگی۔
تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پیش آیا، جہاں ایل پی جی کی دکان میں سلنڈر پھٹ گیا۔ آگ بھڑکنے کے باعث دکان میں موجود سازوسامان جلنے سے بھی بھاری نقصان ہوا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر دو فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکے کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے کے بعد دکان کے معائنے کے دوران جلنے والی دکان کے ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لاشیں قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
جاں بحق شہریوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انتقال کر جانے والے افراد کی عمریں 35 سے 40سال ہیں جو سلنڈر کی دکان پر ہی کام کرتے تھے، آگ لگنے کی وجہ اور جاں بحق افراد کی شناخت کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








