سالِ نو کا جشن، ملک کے مختلف شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

آتش بازی
(فوٹو: آن لائن)

سالِ نو کی خوشیاں منانے کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ملک کے تمام بڑے شہروں میں منچلوں نے ہلہ گلا کیا اور ہزاروں افراد مختلف مقامات پر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے جمع ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق رات کو 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی اور جشن شروع ہوگیا۔ کراچی، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے متعدد شہروں میں سالِ نو کی آمد کے موقعے پر آتش بازی ہوئی۔ نئے سال کی خوشی میں منچلے ہلہ گلہ کرنے کیلئے رات گئے سڑکوں پر نکلے اور خوب شور مچایا۔

کراچی میں گورنر ہاؤس 47 منٹ تک رنگا رنگ آتش بازی کے ساتھ جگمگاتا رہا، ہزاروں افراد جمع ہوئے اور سالِ نو کو خوش آمدید کہا۔ کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں میوزیکل شو کا بھی اہتمام کیا گیا۔

لاہور کے مشہور لبرٹی چوک اور سکھر کے لینس ڈاؤن بریج پر رنگارنگ آتشبازی ہوئی۔ فیصل آباد اور ملتان میں بھی نئے سال کا شاندار انداز کے ساتھ استقبال ہوا۔ اسلام آباد میں جناح ایونیو کے مقام پر نئے سال 2026 کو خوش آمدید کہنے کیلئے آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا۔

اسلام آباد کی ایکسپریس وے پر امرات ڈاؤن ٹاؤن بلڈنگ سے آتش بازی کے مظاہرے نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے معمور کردیا۔ پشاور اور کوئٹہ میں بھی آتش بازی کے شاندار مظاہرے ہوئے اور آسمان مختلف رنگا رنگ روشنیوں میں نہا گیا۔ اس دوران موسیقی کی محفلیں بھی سجائی گئیں۔

Related Posts