سوشل میڈیا پر کی گئی دوستی معصوم بچوں کے دردناک قتل کی وجہ بن گئی، ماں نے دوست کیلئے 3 معصوم بچوں کو زہر دے کر قتل کردیا اور لاشوں پر تیزاب بھی ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں 3 بچوں کے قتل کے الزام میں سگی ماں سمیت 2 افراد گرفتار کرلیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے سوشل میڈیا سے بنائے ہوئے دوست کے ساتھ مل کر بچوں کو زہر دے کر قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے بچوں کی شناخت مٹانے کیلئے لاشوں پر تیزاب پھینک کر دفن کردیا تھا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران مقتول بچوں کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔ جاں بحق بچوں میں ایک 6 سالہ بچی اور 2 کمسن لڑکے بھی شامل ہیں۔
پنجاب کی تحصیل سرائے عالمگیر سے تعلق رکھنے والی ملزمہ کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کچھ دن قبل بچوں کو لے کر بھمبر پہنچی تھی۔ سرائے عالمگیر میں بچوں کے والد نے اغوا کا مقدمہ درج کرادیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان نے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کی تھی اور شادی کرنا چاہتے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








