امریکا کی معروف براؤن یونیورسٹی میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 8زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ طلبہ کے امتحانات کے دوران ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد براؤن یونیورسٹی پہنچ گئی۔ حملہ آور تاحال مفرور ہے۔ امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں واقع یونیورسٹی میں فائرنگ کایہ واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 4بجے پیش آیا۔
پولیس نے دو گھنٹوں کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔ عینی شاہدین اور پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے سیاہ لباس پہنچ رکھا تھا۔ مسلح ملزم کے آزاد ہونے کی وجہ سے طلبہ اور یونیورسٹی کے عملے کو ہدایت کی گئی کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں جبکہ کیمپس میں کسی بھی قسم کی نقل و حرکت نہ کی جائے۔
اس حوالے سے صدر براؤن یونیورسٹی کرسٹینا پیکسن کا کہنا ہے کہ تمام افراد کیلئے ضروری ہے کہ وہ عمارات کے اندر رہیں اور دروازے بند رکھیں کیونکہ لاک ڈاؤن تاحال جاری ہے۔ طلبہ کیمپس میں نقل و حرکت سے باز رہیں۔ یونیورسٹی کے پبلک سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے بھی فائرنگ کے فوری بعد الرٹ جاری کیا تھا۔
یونیورسٹی کی جس عمارت میں فائرنگ ہوئی، اس کے حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ میئر بریٹ سمائلی کا کہنا ہے کہ جس عمارت کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، اس کے بیرونی دروازوں سے کوئی بھی اندر داخل ہوسکتا تھا، واقعے کی تحقیقات میں ایف بی آئی سمیت دیگر ایجنسیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








