ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سنی تحریک کے سربراہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد بھتہ خور ہیں جبکہ سنی تحریک کا کہنا ہے کہ ثروت اعجاز قادری اور دیگر 20ذمہ داران کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز ثروت اعجاز قادری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ ایس ایس پی ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران صمد کاٹھیاواڑی بھتہ خور گروہ کے 2 اراکین کو گرفتار کیا گیا جن کے نام جواد اور ملا شاہ زیب ہیں۔
کراچی پولیس کے مطابق دونوں ملزمان متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلاتے تھے اور چھاپے کے دوران بھی ان کے قبضے سے چھوٹے بڑے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ثروت اعجاز قادری کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
تاہم سنی تحریک کی جانب سے پولیس کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ثروت اعجاز قادری گرفتار ہوئے ہیں اور قادری ہاؤس پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران چادر و چار دیواری کی حرمت پامال کردی گئی ہے۔ کیمروں کو توڑ کر کارروائی خفیہ رکھنے کی بھی کوشش کی گئی۔
سنی تحریک کا مزید کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن کے کم وبیش 20عہدیداران اور کارکنان بھی گرفتار ہوئے ہیں لیکن طاقت کا استعمال حق اور سچ کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ پولیس کی کارروائی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ثروت اعجاز قادری کی مبینہ رہائی
گزشتہ شب نئی پیشرفت بھی سامنے آگئی جب سنی تحریک کے پارٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما ثروت اعجاز قادری کو رہا کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنی تحریک رہنما طیب قادری کا کہنا ہے کہ اپنی رہائی کے بعد ثروت اعجاز قادری گھر کیلئے روانہ ہوگئے۔ تاحال ثروت اعجاز قادری کی گرفتاری اور رہائی دونوں کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








