کینیڈا میں بھارتی گلوکار کے گھر پر فائرنگ، اے پی ڈھلوں کابیان سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اے پی ڈھلوں
(فوٹو: آن لائن)

وینکوور: کینیڈا میں بھارتی گلوکار کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے۔گلوکار اے پی ڈھلوں کا بیان بھی سامنے آگیا جس میں انہوں نے اپنی خیر یت سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات کینیڈین شہر وینکوور میں وکٹوریہ جزیرے کے علاقے میں گلوکار اے پی ڈھلوں کے گھر کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے لارنش بشنوئی اور روہت گودارا گینگ نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی۔

گلوکار اے پی ڈھلوں نے اولڈ منی نامی میوزک ویڈیو میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو شامل کرکے گانا ریلیز کیا تھا جس کے چند ہفتوں کے بعد گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر ایک دھمکی آمیز پیغام بھی زیر گردش ہے جس میں دو مقامات پر فائرنگ کے منصوبے کا انکشاف کیا گیا۔

زیر گردش پیغام میں کہا گیا کہ یکم ستمبر کی رات کو گینگ نے کینیڈا میں 2 مقامات پر فائرنگ کا منصوبہ بنایا تھا جس میں ایک وکٹوریہ جزیرہ اور دوسرا ٹورنٹو کا ووڈ برج تھا۔ گینگ نے اداکار سلمان خان کے ساتھ مبینہ رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے اے پی ڈھلوں کو موت کی دھمکی دے دی۔

گینگ نے کہا کہ اپنی حدود میں رہو، ورنہ کتے کی موت مرو گے۔ کینیڈین پولیس فائرنگ کے واقعے پر حرکت میں آگئی۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش پیغام پر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس نے تاحال واقعے پر کوئی سرکاری وضاحت جاری نہیں کی۔ بشنوئی گینگ اس سے قبل بھی متعدد وارداتیں کرچکا ہے۔

منگل کے روز سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والے گلوکار اے پی ڈھلوں نے کہا کہ میں محفوظ ہوں۔ میرے لوگ بھی محفوظ ہیں۔ میری خیریت معلوم کرنے والوں کا شکریہ۔ آپ کی مدد میرے لیے سب کچھ ہے۔ آپ سب کیلئے امن اور محبت کی تمنا کرتا ہوں۔

Related Posts