کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے 3 سالہ ابراہیم کی تلاش میں اہم کردار ادا کرنے والے کچرا چننے والے بچے تنویر کو ایس ایس پی ایسٹ آفس بلایا گیا جہاں اس کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق تنویر نے ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے اسے نقد انعام اور گلدستہ دیا، جبکہ بچے کے والد کو بھی پھولوں کا ہار پہنایا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تنویر نے واقعے کے بعد رضاکارانہ طور پر مدد کی اور ابراہیم کی لاش تلاش کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ اتوار کی رات 3 سالہ ابراہیم اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شاپنگ کے بعد باہر نکلتے ہوئے نیپا کے قریب کھلے مین ہول میں گر گیا تھا۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تقریباً 15 ہزار روپے جمع کرکے مشینری منگوائی لیکن اس کے باوجود لاش برآمد نہ ہو سکی۔
تقریباً 15 گھنٹے بعد اگلی صبح یہ دردناک تلاش اس وقت مکمل ہوئی جب کچرا چننے والا بچہ تنویر وہاں پہنچا اور اس نے ابراہیم کی لاش ڈھونڈ کر ریسکیو اہلکاروں کے حوالے کی۔
تنویر کا کہنا تھا کہ جب وہ لاش لے کر پولیس کے پاس گیا تو اہلکاروں نے پوچھاکہ تم کون ہو؟ اور جواب ملنے پر اسے تھپڑ بھی مارا گیا۔
ننھے ابراہیم کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی اور اسے غم و اندوہ کے ماحول میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ یہ سانحہ کراچی بھر میں شدید غم و غصے اور افسوس کی لہر کا باعث بنا ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








