رواں ماہ 17فروری کو سال 2026 کا پہلا سورج گرہن ہوگا جو اپنی ساخت کے اعتبار سے رنگ آف فائر کہا جائے گا۔ گرہن کے عروج پر سورج 96فیصد کے قریب چاند کے پیچھے چھپ کر ایک انگوٹھی کی صورت میں نظر آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق رنگ آف فائر 17فروری کو ہوگا۔ ماہرین فلکیات کا ماننا ہے کہ سورج کو گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آجائے، تاہم زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر ہونے کے باعث چاند زمین کو مکمل طور ڈھانپ نہیں سکتا، جس سے رنگ آف فائر جنم لیتا ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ 17 فروری کو نظر آنے والا رنگ آف فائر کا منظر کم و بیش 2 منٹ تک جاری رہے گا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق گرہن لگنے کا عمل دوپہر 12 بج کر 1 منٹ پر شروع ہوگا۔ مکمل گرہن صرف براعظم انٹارکٹیکا میں نظر آئے گا۔
ماہرین کے مطابق جن ممالک میں سورج گرہن جزوی طور پر نظر آئے گا، ان میں ارجنٹینا، چلی اور جنوبی افریقہ کے بعض علاقے شامل ہیں جبکہ پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر حصوں میں سورج گرہن نظر نہیں آئے گا تاہم شائقین ملکیات اسے لائیو دیکھ سکتے ہیں۔
عموماً سورج گرہن کے مختلف ممالک سے مناظر کو یو ٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر لائیو نشر کیا جاتا ہے اور ٹائم اینڈ ڈیٹ ویب سائٹ پر بھی سورج گرہن کو لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دیکھا جاسکے گا۔
اس موقعے پر ماہرین فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ سورج کو آسمان پر براہِ راست دیکھتے وقت حفاظتی عینک لگانا اور منظور شدہ سولر فلٹر استعمال کرنا ضروری ہے۔ بصورتِ دیگر آنکھوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








