ترکیہ کے تاریخی شہر استنبول کی ایک مسجد میں نمازیوں کے لیے صبح دم ورزش اور فٹنس کی کلاسوں کا آغاز کیا گیا ہے جس میں نمازی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق استنبول کی ایک مسجد میں نماز فجر کے بعد بھی گہماگہمی ہے اور کئی معمر نمازی مسجد کے احاطے میں کسی کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ انتظار امام مسجد کا نہیں، کیونکہ نماز ہوچکی ہے بلکہ ایک نوجوان کا ہے جو فٹنس ٹرینر ہے۔
ایکسپریس ڈاٹ پی کے کی ایک رپورٹ کے مطابق بڑھتی عمر اور وزن سے پریشان نمازیوں نے وقت کے ساتھ پیدا ہونے والے امراض سے مقابلہ کرنے کے لیے خود کو فٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور مسجد کی انتظامیہ اس میں بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔
سوشل سائٹ پر ترکی اردو نامی پیج سے وائرل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فٹنس ٹرینر نمازیوں کو ورزش کرا رہا ہے اور معمر افراد ایک قطار میں کھڑے اس کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا منظر ہے جو مساجد میں کم ہی دیکھا جاتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے اس عمل کو سراہا جبکہ استنبول کی دیگر مساجد نے بھی اس طرح کی سرگرمیاں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو کمیونٹی سینٹر کی طرح کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








