طالبان وزیر عدلیہ نے ایک مضحکہ خیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیر المومنین کی چاپلوسی ہر مسلمان پر فرض ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے وزیر عدلیہ عبدالحکیم شرعی نے قندھار میں طالبان سربراہ ہبت اللہ اخندزادہ کے صوبوں کے گورنروں کے ساتھ اجلاس میں شرکاء کو طالبان سربراہ کی چاپلوسی کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ امیرالمومنین کی چاپلوسی ہر افغان اور مسلمان پر فرض ہے۔
طالبان سربراہ ہبت اللہ آخندزادہ نے گزشتہ دنوں قندھار میں ایک تین روزہ سیمینار منعقد کیا، جس میں تمام صوبوں کے گورنر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد ملک کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق عبدالحکیم شرعی نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ جب میں چاپلوسی کرتا ہوں تو اپنا فرض ادا کر رہا ہوں۔ واضح رہے کہ طالبان کے ارکان اپنے رہنما کو “امیرالمومنین” کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔
اس سے قبل صوبہ بلخ کے گورنر یوسف وفا نے اسی سیمینار میں کہا تھا کہ وہ مرتے دم تک ہبت اللہ اخندزادہ کے ساتھ وفادار رہیں گے۔ یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب طالبان کے حکام بارہا یہ کوشش کرتے رہے ہیں کہ اپنے سربراہ کے کردار کو مطلق اور چیلنج سے بالاتر دکھایا جائے۔
طالبان کے وزیر امر بالمعروف نے بھی تاکید کی ہے کہ ہبت اللہ اخندزادہ کے احکامات کی مطلق اطاعت ضروری ہے۔
ہبت اللہ اخندزادہ نے بھی بارہا کہا ہے کہ ان کے احکامات کی پابندی لازمی ہے۔ انہوں نے پہلے ہرات میں علمائے کرام کے اجلاس میں بھی خبردار کیا تھا کہ ان کے احکامات کی خلاف ورزی سے اختلاف اور انتشار پیدا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








