لیاری سے کلفٹن تک، غیرقانونی تعمیرات کی خرید و فروخت مکمل بند، سخت حکم نامہ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

کراچی ضلع ساؤتھ کی انتظامیہ نے غیر قانونی پورشنز اور بغیر اجازت بنائے گئے اضافی فلورز کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام مختلف علاقوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی تعمیراتی خلاف ورزیوں کے باعث اٹھایا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق لیاری، گارڈن، اولڈ سٹی ایریا اور کلفٹن کے بعض حصوں میں غیر قانونی پراپرٹی ڈیلنگ کھلے عام جاری تھی، جو منظور شدہ نقشوں، کمپلیشن سرٹیفیکیٹ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔

افسران نے بتایا کہ متعدد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس اور پراپرٹی ڈیلرز رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی پورشنز کی تشہیر اور مارکیٹنگ میں ملوث پائے گئے، جو نہ صرف قانوناً ممنوع ہے بلکہ قابلِ تعزیر جرم بھی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انتظامیہ نے ان سرگرمیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر روکنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام رئیلٹرز اور پراپرٹی ڈیلرز کو غیر قانونی پورشنز اور غیر مجاز فلورز کی خرید و فروخت اور اشتہار بازی سے مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع ساؤتھ کے سب رجسٹرارز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی کسی بھی جائیداد کی سب لیز یا رجسٹریشن کسی صورت قبول نہ کی جائے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

ضلع انتظامیہ نے تمام رجسٹرڈ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کو مشورہ دیا ہے کہ کوئی بھی لین دین کرنے سے قبل مکمل جانچ پڑتال اور دستاویزات کی تصدیق لازمی کریں، ورنہ غیر قانونی سودوں میں ملوث افراد قانون کے مطابق جواب دہ ہوں گے۔

Related Posts