محکمہ کسٹمز انفورسمنٹ پشاور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹرک پکڑ کر 5 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلی ہیں۔
یہ کارروائی بدھ کے روز وزیرستان چوک کے قریب کوئیک ریسپانس فورس نے کی۔ افسران کے مطابق ٹرک (رجسٹریشن نمبر P 4234) کوئٹہ سے راولپنڈی جا رہا تھا کہ اسے مشکوک سمجھ کر روکا گیا۔
معائنے کے دوران بڑی مقدار میں غیر ملکی سگریٹس، پولی ایسٹر کلاتھ رولز اور سپاری برآمد ہوئی۔ گاڑی کو تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے ٹیم کی فوری اور مؤثر کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور قومی خزانے کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہے۔
افسران کا کہنا ہے کہ بڑے ٹرانزٹ روٹس پر نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے کیونکہ اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس اپنی حکمت عملی بدل کر کارروائیوں سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کسٹمز انفورسمنٹ ٹیم نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا بھر میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ مغربی سرحدوں سے آنے والی نان ڈیوٹی پیڈ اشیا کی سپلائی لائن کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








