اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت میں پیپسی کے مرکزی ڈسٹری بیوٹرز کو ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ناقص اور گندگی سے بھرپور چینی کے استعمال پر سیل کردیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے) نے حیدری بیوریجز اور بیوریجز پلس کو سیل کر دیا ہے، جو ہُماک ماڈل ٹاؤن، اسلام آباد میں پیپسی کے مرکزی ڈسٹری بیوٹر ہیں۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ بغیر پیشگی اطلاع کے مارا تھا۔
رپورٹ کے مطابق چھاپہ مار کارروائی کی وجہ تحفظ خوراک کے قواعد کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ معائنے کے دوران فوڈ اتھارٹی نے بھاری مقدار میں ایکسپائر اور فنگس زدہ چینی برآمد کی جسے پیپسی اور دیگر مشروبات کی تیاری میں استعمال کیاجارہا تھا۔
فوڈ اتھارٹی اہلکاروں نے چینی کے 150ایسے تھیلے برآمد کیے جن کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ چینی کے تھیلوں پر کاکروچ نے حملہ کیا تھا جبکہ چینی کو براہ راست زمین پر ذخیرہ کیا گیا جو حفظانِ صحت کی سنگین خلاف ورزیاں شمار کی گئیں۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیسٹ کے نتائج آنے تک حکام نے دونوں ڈسٹری بیوٹر فیسلٹیز میں مجموعی طور پر 54 ہزار 874 چینی کے تھیلے سیل کردئیے۔ اس کے علاوہ تمام گودام اور تمام پیداواری، خردوفروخت کی سرگرمیاں فوری طور پر تاحکمِ ثانی معطل کردیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








