خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 8دہشت گرد ہلاک، بھاری اسلحہ برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

خیبرپختونخوا
(فوٹو: آن لائن)

خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے بھر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں اتوار کے روز بنوں، خیبر اور ظہیر گڑھی میں کی گئیں، جو پشاور کے نواحی علاقے ہیں۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ اسلحہ اور دیگر دھماکہ خیز سامان کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

بنوں میں مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ پولیس کے مطابق یہ دہشت گرد شیخ لنڈک اور فتح خیل میں پولیس چوکیوں پر حملوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز پر دیگر حملوں کے علاوہ زیرِ تعمیر ریسکیو عمارت پر حملے سے بھی منسلک تھے۔

خیبر میں سی ٹی ڈی نے شاہ کس بائی پاس روڈ کے قریب کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جہاں پولیس اہلکاروں پر منصوبہ بند حملے کو ناکام بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران تین کلاشنکوف رائفلیں بھی برآمد ہوئیں۔

ظہیر گڑھی میں بھی تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن کے قبضے سے کلاشنکوف رائفلیں اور ایک پستول برآمد ہوا۔

آئی جی خیبر پختونخوا  ذوالفقار حمید نے پولیس اور سی ٹی ڈی کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ واضح رہے کہ افغانستان میں 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Related Posts