ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج نے رواں سال حج کیلئے بیرون ملک سے آنیوالے عازمین پر پابندی عائد کردی، صرف مقامی افراد ہی حج کرسکیں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے عرب نیوز کا بتانا ہےکہ سعودی وزارت حج کے فیصلے کے مطابق صرف سعودی شہری اور ملک میں مقیم افراد ہی رواں سال حج کرسکیں گے اور اس طرح حج کی خواہش رکھنے والے دیگر ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور وائرس کی ابھرتی ہوئی نئی اقسام کو دیکھتے ہوئے حجاج کی تعداد کو محدود کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت حج نے حجاج کرام کی تعداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ رواں برس صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان تمام افراد میں سعودی عرب کے شہری اور ملک میں رہنے والے غیر ملکی شامل ہوں گے۔