سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور گلوکارہ کیٹی پیری کی رومانٹک ڈنر ڈیٹ ؟ سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ امریکی میڈیا)

کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان ایک خفیہ ملاقات نے دنیا بھر میں چہ مگوئیاں شروع کردی ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مونٹریال کے ایک پرتعیش ریسٹورینٹ میں دونوں کو ایک ساتھ کھانا کھاتے دیکھا گیا جس نے ان کے ممکنہ رومانوی تعلق کی افواہوں کو ہوا دی۔

ایک معروف اخبار کی رپورٹ کے مطابق مونٹریال کے ایک مقامی عہدیدار نے تصدیق کی کہ رواں ہفتے جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری نے اس شاندار ریسٹورینٹ میں تقریباً دو گھنٹے ایک دوسرے کے ہمراہ گزارے۔ دونوں نے کاک ٹیلز کے ساتھ شام کا آغاز کیا اور ٹونا، لوبسٹر اور دیگر لذت آمیز پکوانوں سے لطف اٹھایا۔ اس ملاقات کی ایک تصویر بھی امریکی میڈیا پر منظرعام پر آئی، جس نے ان خبروں کو مزید تقویت بخشی۔

اس ملاقات کی نوعیت ابھی تک واضح نہیں ہوسکی۔ نہ ہی جسٹن ٹروڈو، کیٹی پیری، اور نہ ہی ریسٹورینٹ کی انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری کیا ہے۔ شائقین اور میڈیا اس بات پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ کیا یہ ملاقات صرف ایک دوستانہ نشست تھی یا اس کے پیچھے کچھ اور ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی طویل رفاقتوں سے الگ ہوئی ہیں۔ کیٹی پیری نے رواں ماہ اپنے دیرینہ ساتھی اور ہالی ووڈ اداکار اورلینڈو بلوم سے علیحدگی کا اعلان کیا، جبکہ جسٹن ٹروڈو اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ شادی شدہ زندگی ختم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

یہ ملاقات سوشل میڈیا پر بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہے جہاں مداح اپنی پسندیدہ شخصیات کے اس غیرمتوقع جوڑے کے بارے میں مختلف اندازوں کا اظہار کر رہے ہیں۔ کیا یہ ایک نئی کہانی کا آغاز ہے یا محض ایک اتفاق؟ فی الحال، یہ راز پردہء اسرار میں ہے، لیکن افواہوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

Related Posts