کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ مزید 43 افراد انتقال کر گئے ہیں جبکہ اس دوران مزید 2 ہزار 672 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کراچی میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام سے پرزور اپیل کی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
کورونا کی تازہ ترین صورتحال پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صوبے بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 20 ہزار 438 ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 2 ہزار 672 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں کورونا سے متاثرہ 43 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 903 ہو گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت صوبے کے اسپتالوں میں زیر علاج کورونا متاثرہ 1181 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ اور اس وقت کوویڈ-19 کے 93 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق صوبہ بھر کے 2672 کورونا کیسز میں 2042 نئے کیسز کا تعلق شہر کراچی سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








