کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار شہید اور 2 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایف سی کی گاڑی کو سفرباش کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملے کی ذمے داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔
نیم فوجی دستے ان علاقوں میں گشت کر رہے ہیں جب ان کی گاڑی سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم سے ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حسین رحمت ، محمد سلیم ، ماجد فرید اور ذاکر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں کیپٹن اویس اور لیفٹیننٹ لقمان شامل ہیں۔
دوسری جانب ایک اور واقعے میں شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسلی میں انٹیلی جنس بنیاد پر مبنی آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی ہے جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی حکومت کا 600 پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








