قلات میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

Four terrorists killed in security forces’ operation in Kalat
ONLINE

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات اس وقت کی گئی جب فورسز کو بھارت نواز دہشت گرد گروہ فتنہ الہندستان کی سرگرمیوں کی اطلاع ملی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے۔

یہ دہشت گرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا دہشتگرد کے فرار کو روکا جا سکے۔

مزید یہ کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے آپریشنز جاری رکھیں گے۔

قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں، سرحدی نگرانی اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاک فوج، انٹیلی جنس ادارے اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ باہمی تعاون سے دہشتگرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور سرحد پار دراندازی کی روک تھام کے لیے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔

گزشتہ اور جاری آپریشنز کے دوران ہزاروں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور دیگر تخریبی سازوسامان قبضے میں لیا گیا ہے۔

بہتر انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، وفاقی و صوبائی اداروں کے اشتراک اور عوامی تعاون نے پاکستان کے انسدادِ دہشتگردی نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔

Related Posts