کراچی میں قازقستان کی کمپنی سے کروڑوں کا فراڈ کیا گیا ہے جس سے ملک بھر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں قازقستان کے تاجروں کے ساتھ سوا 3 کروڑ روپے کا فراڈ سامنے آیا۔ جعلسازوں نے قازقستان کی کمپنی سے فراڈ کرکے کروڑوں لوٹ لیے۔ قازق تاجر میرس اور بخیت جان کو مرغیوں کی فیڈ خریدنے پر لوٹا گیا۔
رپورٹ کے مطابق قازق تاجر نے فیڈ خریدنے کیلئے پاکستان کی کمپنی بگ ڈریگن سے رابطہ کیا تھا جس سے 50 ہزار ڈالرز کا سودا ہوا تو قازق کمپنی نے 50 فیصد ایڈوانس کی ادائیگی کردی لیکن قازقستان کے تاجروں کے ساتھ فراڈ کیا گیا اور رقم لوٹ لی گئی۔
ایک جگہ سے دھوکہ کھانے کے بعد قازق کمپنی نے کراچی کی کمپنی میکن فوڈ سے رابطہ کیا۔ کمپنی مالک محمد عمیر نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں میٹنگ کے بعد غیر ملکی تاجروں کو اپنی فیکٹری بھی دکھائی، جس کے بعد 3لاکھ 20ہزار ڈالرز میں ڈیل طے ہوگئی۔
ایک بار پھر قازق کمپنی نے 90 ہزار ڈالرز کی بینک کے ذریعے ادائیگی کردی، تاہم محمد عمیر کی کمپنی نے بھی قازقستان کے تاجروں سے فراڈ کیا۔ پہلے ملزم کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم دوسرے ملزم کی شکایت درج کرانے کے باوجود رقم واپس نہ مل سکی۔
اس حوالے سے قازق تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی قانون حمایت کرے تو ہم اب بھی دو طرفہ تجارت کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پولیس کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








