کوٹا: بھارتی ریاست راجستھان میں چوری کے الزام پر نچلی ذات کے ہندو لڑکے کے برہنہ رقص کی ویڈیو وائرل کردی گئی۔ لڑکے کو زبردستی ڈانس پر مجبور کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ راجستھان کے علاقے کوٹا میں پیش آیا۔ نچلی ذات دلت کے 12 سالہ کمسن لڑکے کو ایک تقریب سے تار چوری کرتے ہوئے پکڑنے پر انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔ چند بااثر افراد نے لڑکے کو برہنہ کردیا۔
چند میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کمسن لڑکے کو برہنہ کرکے زبردستی رقص پر مجبور کیا گیا۔ لڑکے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی ہے۔ راجستھان پولیس کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو کا پتہ چلنے پر قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکے کے گھر پہنچ کر والدین کو شکایت کرنے پر آمادہ کیا گیا۔ لڑکے کے والد نے بیٹے کو رقصپر مجبور کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا کامیڈی کی ایک تقریب میں گیا تھا۔
لڑکے کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے پر چوری کا الزام لگایا گیا اور ظلم و ستم کا نشانہ بنادیا گیا۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کی شکایت پر 6ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








