لاہور سمیت پنجاب بھر میں مفت میٹرو اور بس سروسز کی مقبولیت عروج پر پہنچ گئی جہاں مسافروں کی تعداد میں 61فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں سے عوام کو مفت سفر کی سہولت دستیاب ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے رپورٹ کیا کہ 6 اپریل کو مسافروں کی تعداد 10 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے قریباً 3 لاکھ 40 ہزار، لاہور میٹرو بس سروس سے 1 لاکھ 57 ہزار، اور سپیڈو بسز سے 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد مسافروں نے مفت سفر کا لطف اٹھایا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرین الیکٹرک بسوں سے ساڑھے 23 ہزار، راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے قریباً 40 ہزار اور پاکستان میٹرو بس سروس سے 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ ملتان میٹرو بس سسٹم سے 82 ہزار اور فیڈر روٹس سے قریباً 31 ہزار مسافروں نے مفت سفر کی سہولت حاصل کی۔
حکام کا ماننا ہے کہ عام دنوں کے مقابلے میں مفت سفری سہولت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 61 فیصد اضافہ ہوا، اور لوگ نجی سواری کے بجائے مفت سفر کو ترجیح دے رہے ہیں اور پنجاب بھر میں ذاتی سواری کی بجائے مفت سفر کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








