بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار اشتیاق خان، جو فلم “تماشہ” میں رنبیر کپور اور “بھارت” میں سلمان خان کے ہمراہ نظر آ چکے ہیں، نے اپنی زندگی کے ایک ایسے سچ سے پردہ اٹھایا ہے جو نوجوانوں کے لیے ہمت، خودداری اور محنت کی مثال بن سکتا ہے۔
اشتیاق خان نے انکشاف کیا کہ اداکار بننے سے پہلے وہ نیشنل اسکول آف ڈراما سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اداکاری کے استاد کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں تاہم حالات نے انہیں ایک وقت پر انڈے کا اسٹال لگانے پر بھی مجبور کیا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ شام کے وقت اسکول کے قریب دوستوں کے ساتھ مل کر انڈے کا اسٹال لگاتے تھے۔ ایک روز ان کے ایک شاگرد نے انہیں اسٹال پر کام کرتے دیکھ لیا تو اشتیاق کو شرمندگی محسوس ہوئی اور اگلے دن وہ اسکول نہیں گئے۔
اشتیاق خان نے کہا کہ بچوں کی نظروں میں میری عزت تھی، مجھے خوف تھا کہ اب میں کلاس میں کیسے جاؤں گا۔ لیکن وہی شاگرد اگلے دن اپنے والد کو ساتھ لے کر اسٹال پر آیا اور فخر سے کہاکہ یہ ہمارے ٹیچر ہیں۔ اُس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ انسان کی عزت کام سے نہیں، کردار سے ہوتی ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ وہ کالج کے ڈراموں کے لیے اسٹیج، میوزک اور ڈانس پروگرامز بھی ترتیب دیا کرتے تھے۔ ان کے ایک سینئر نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ تم چوری نہیں کر رہے، محنت کر رہے ہو، شرمندہ ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔
آج اشتیاق خان کا شمار بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی محنت اور سچائی کے بل پر مقام حاصل کیا۔ ان کی یہ کہانی نہ صرف جدوجہد کی علامت ہے بلکہ ان تمام نوجوانوں کے لیے سبق ہے جو عزت کے ساتھ جینا چاہتے ہیں، چاہے حالات کچھ بھی ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








