عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق کی میت لندن سے کراچی پہنچ گئی، نمازِ جنازہ آج ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈاکٹر عمران فاروق
(فوٹو: جیو نیوز)

متحدہ قومی موومنٹ کے شہید رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق کی میت لندن سے کراچی پہنچا دی گئی ہے، جن کی نمازِ جنازہ آج کراچی میں ادا کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 15سال قبل شہید کیے جانے والے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ میت کراچی پہنچنے پر کراچی ائیرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر شمائلہ فاروق کے بیٹے، ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، مرکزی کمیٹی اراکین، اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

ایک روز قبل شمائلہ فاروق کے بیٹے لندن سے کراچی پہنچے تھے، آج دوپہر کو شمائلہ فاروق کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے طارق روڈ کی مسجد میں ادا کی جائے گی جس میں ملک کی نامور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔ مرحومہ کی تدفین سوسائٹی قبرستان میں ان کے والد کے پہلو میں کی جائے گی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر سیاسی رہنما نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔ شمائلہ فاروق کا انتقال جمعہ کو لندن کے مقامی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد ہوا تھا، جبکہ ماضی میں عمران فاروق کو 15سال قبل شہید کیے جانے کے زخم آج بھی تازہ نظر آتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق شمالی لندن میں گھر کے پاس واقع ایک دواخانے میں اپنا کام ختم کرکے گھر واپس جا رہے تھے کہ اس وقت کسی نے چھری سے کئی مرتبہ وار کرکے انہیں شدید زخمی کردیا، وہ ان زخموں کی تاب نہ لاسکے اور اسی وقت شہید ہوگئے تھے۔ برطانیہ کے مطابق یہ قتل 16 ستمبر 2010 کی شام کو ہوا تھا۔

Related Posts