پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں جمعہ 26 دسمبر 2025 کو سونے اور چاندی کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، اور قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان سونے کی قیمت کو نئی بلندی تک لے گیا جبکہ سونے کی یہ قیمتیں آج دوپہر تک برقرار رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 73 ہزار 362 روپے فی تولہ کی بلند سطح پر جا پہنچا۔
پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 429 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 5 ہزار 831 روپے ہو گئی، جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 393 روپے کا اضافہ ہوا اور اب یہ قیمت3 لاکھ 72 ہزار 25 روپے تک آگئی ہے۔

اس کے علاوہ چاندی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 240 روپے اضافے سے 7 ہزار 945 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 206 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 811 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ ریٹس
عالمی صرافہ بازار میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 5 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 510 ڈالر رہی، جبکہ چاندی کی فی اونس قیمت میں 2 اعشاریہ 40 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد چاندی 74 اعشاریہ 70 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتی رہی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر قیاس آرائی پر مبنی خریداری، جغرافیائی کشیدگی، امریکی شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقعات اور پاکستان میں شادیوں کے جاری سیزن کے باعث مقامی طلب میں اضافے نے سونے اور چاندی کی قیمتوں کو ریکارڈ سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








