بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی جیٹی پر ایک غیر معمولی اور چونکا دینے والا منظر دیکھنے میں آیا ہے، جہاں سمندر کا پانی اچانک گلابی رنگ اختیار کر گیا، اس عجیب تبدیلی نے ماہی گیروں، سیاحوں اور قریبی رہائشیوں کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق پانی کا یہ رنگ بدلنا فطری عوامل اور آلودگی کے امتزاج کا نتیجہ ہے۔
بلوچستان ماحولیاتی تحفظ ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران کاکڑ نے وضاحت کی کہ جیٹی کے اندر ٹھہرا ہوا پانی مائیکروسکوپک جانداروں کی غیر معمولی افزائش کے لیے سازگار ماحول بن گیاجس کے باعث پانی کا رنگ تبدیل ہوگیا اور اردگرد شدید بدبو بھی پھیل گئی۔
ماحولیاتی حکام کے مطابق پانی میں موجود فضلہ، آلودگی اور خوردبینی حیات کے اچانک پھیلاؤ نے مل کر پانی کو گلابی بنا دیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو جیٹی کے پانی سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
حکام کی جانب سے پانی کے نمونوں کی جانچ کا عمل جاری ہے اور ماحولیاتی ٹیمیں مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ مسئلہ مزید نہ بڑھے۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صفائی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ گڈانی جیٹی دوبارہ محفوظ، پرکشش اور ماہی گیری کے لیے موزوں بن سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








